پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کسی نے ہم سے وزارت مانگی اور نہ ہی ہم نے وعدہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کنٹینر کی سیاست کا وقت ختم ہوچکا ہے، عمران خان کو وہ لوگ نکالیں گے جنہوں نے انہیں منتخب کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ عمران خان سے منحرف ہیں، انہوں نے ہی عمران خان کو اقتدار دیا تھا، عمران خان بتائے شہزاد اکبر نامی شخص کہاں ہے؟
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اسپیکر پہلے دن سے جانبدار تھا، قومی اسمبلی اجلاس 14 دن کے اندر نہ بُلا کر ثابت کردیا گیا کہ وہ ہر حیلہ بہانہ کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو حکومت آئین و قانون پر یقین نہ رکھتی ہو، وہ ہر بات کرے گی، فتح آئین و قانون کی ہوگی۔
شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ عدم اعتماد ایک جمہوری اور آئینی حق ہے، عدم اعتماد کو لٹکایا نہیں جا سکتا، آپ کو سامنا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی، جمہوری، پارلیمان کا عمل آئین کے مطابق ہونا ضروری ہے، چاہے اسپیکر ہو یا وزیراعظم، جو آئین توڑے گا آڑٹیکل 6 کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو آئین، جمہوری قدروں اور پارلیمان کی پرواہ نہیں، چوری شدہ الیکشن کے نتیجے میں حکمران تو بن گئے لیکن کنٹینر سے نہ اتر سکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں منی لانڈرنگ کی سب سے بڑی مثال فارن فنڈنگ کیس ہے، آج نیب اور ایف آئی اے خاموش ہے۔