پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے عمران خان کے وزیراعظم سے ہٹنے اور نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق دعویٰ کیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد نواز شریف وطن آئیں گے، نواز شریف وطن آکر عدالتوں کا سامنا کریں گے۔
محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان کو سلیکٹ کر کے حکومت دی گئی، کوئی گڑ بڑ نہ ہوئی تو 2 یا 3 اپریل تک عمران خان گھر چلے جائیں گے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وزیراعظم نے سوائے انتقامی کارروائی کرنے کے کچھ نہیں کیا، ہم آئینی طریقے سے عمران خان کو گھر بھیج رہے ہیں۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ عمران خان اقلیتی حکومت چلا رہے ہیں، ان کے پاس اکثریت نہیں، عمران خان اخلاقی طور پر چلے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم 27 مارچ کو استعفی کا اعلان کریں، اسپیکر قانون کے مطابق کام کریں۔