کراچی(اسٹاف رپورٹر) آل رائونڈر محمد نواز بدستور فٹنس مسائل سے دوچار ہیں لیگ اسپنر شاداب خان بھی مکمل فٹ نہیں ہیں۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کےخلاف وائٹ بال سیریز کے لئے محمد نواز کی جگہ زاہد محمود کو شامل کرلیا ہے۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ سیریز سے قبل شاداب خان کی انجری کا بھی دوبارہ جائزہ لینا ہے، زاہد محمود پہلے ہی ٹیسٹ اسکواڈ کے ہمراہ ہیں، لہٰذا انہیں وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔ پی سی بی نے اتوار کو کہا کہ محمد نواز تاحال پاؤں کی انجری سے مکمل صحتیاب نہیں ہوسکے، وہ پی ایس ایل 7 کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔ زاہد محمود لیگ اسپنر شاداب خان کے کوور کے طور پر بھی اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین وائٹ بال سیریز 29 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگی ۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز سے قبل شاداب خان کی فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔بدقسمتی سے محمد نواز تاحال مکمل فٹ نہیں ہوسکے ہیں۔