• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: عائشہ راجپوت

ملبوسات: مے سون کلیکشن

زیورات: زیور بائے رضوان مجید

کوآرڈی نیشن: عابد بیگ

آرایش: Sleek By Annie

عکّاسی: ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

موسمِ بہارجوبن پر ہے۔ہر طرف اُودے، نیلے، پیلے، سُرخ، گلابی پھول ہی پھول فضائوں میں خوش بُوئیںبکھیر رہے ہیں، تو کہیں سرسبز شاخوں پرننّھی مُنّی چڑیاں، کوئلیں، فاختائیں اور دوسرے پرندے خوشی کے ترانے گانے میں مگن ہیں۔ اِس رنگین موسم میں باغوں میں بُلبلوں کے سُریلے نغمے جادو جگاتے ہیں، تو بادِ صبا بھی پھولوں، کلیوں کے ساتھ خُوب اٹکھیلیاں کرتی ہے۔ اور جب ہر طرف بہار ہی بہار چھائی ہو اور شادی بیاہ کی تقریبات کا بھی زور ہو، تو کیسے ممکن ہے کہ ہماری بزم میں حسین و دِل کش، جدّت و ندرت سے بَھرپور تقریباتی پہناووں کی بہار نہ چھائے۔

ذرا دیکھیے، سلور گِرے رنگ بنارسی ڈھاکا پاجامے کے ساتھ شیفون جارجٹ کی کام دار قمیص کیسی حسین لگ رہی ہے، تو زیورات کے انتخاب نے لباس کی شان کچھ اور بھی بڑھا دی ہے۔ پھر اسکن رنگ بنارسی ڈھاکا پاجامے کے ساتھ سلمے، دبکے کے کام سے آراستہ قمیص اور پلین دوپٹا بھی ایک دِل آویز پہناوا ہے، تو اُس پر کندن کے گلو بند، آویزوں اور ٹیکے کا انتخاب بھی حُسن کو جیسےچار چاند لگا رہا ہے۔ اِسی طرح کیمبرج بلیو رنگ بنارسی ڈھاکا پاجامے کے ساتھ اے لائن کام دار قمیص کی دِل کشی و رعنائی بھی کچھ کم نہیں۔

جب کہ ٹیل گرین رنگ بنارسی ڈھاکا پاجامے کے ساتھ سلمے اور ستارہ ورک سے آراستہ قمیص بھی خوش گوار تاثر دے رہی ہے۔اورسلور گِرے کے ساتھ بےبی پنک رنگ کے حسین امتزاج میں ڈبل لیئر شِمری ٹشو فیبرک میں چھوٹی قمیص کے ساتھ کام دار شرارے کے انتخاب کے بھی کیا ہی کہنے۔ شرارے کا اِنر پلین سِلک اور اَپر شِمری ٹشو میں ہے، جس پر دھاگے کے ساتھ موتی اور نَگوں کا انتہائی خُوب صُورت کام ہے، جب کہ گلابی رنگ کے کنٹراسٹ میں کام دار دوپٹا بھی غضب ڈھا رہا ہے۔