تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: ملائکہ علی
ملبوسات : فیڈی اینڈ ایمان
آرایش: دیوا بیوٹی سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
زندگی جینا کچھ ایسا بھی آسان نہیں، ہاں جو لوگ اِسے گزارنے کا ڈھنگ سیکھ لیں، پھر وہ ہر حال میں خوش باش رہتے ہیں۔ گاہے بگاہے اپنے روزمرّہ معمولات میں خوش گوار تبدیلیاں بھی لاتے رہتے ہیں، تاکہ زندگی جمود کا شکار نہ ہونے پائے۔ اور عموماً یہ تبدیلیاں پہننے اوڑھنے کے انداز ہی میں لائی جاتی ہیں۔ایسی ہی ایک تبدیلی آج آپ کو ہماری بزم میں بھی محسوس ہوگی کہ آج ہم نے اپنی بزم روٹین سے کچھ ہٹ کر جدّت و ندرت سے بَھرپور ویسٹرن انداز میکسیز سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے، فیروزی رنگ میں ڈبل لیئر میکسی کاانداز کیسا پیارا لگ رہا ہے۔میکسی کا اِنر نیٹ،تو اَپر ٹشو کا ہے،جب کہ آستینوں کا انداز بھی خاصا جداگانہ ہے۔اسی طرح ساٹن سِلک میں گہرے نیلے رنگ کی ٹیل میکسی کے بھی کیا ہی کہنے، جس کا اوپری حصّہ اور آستینیں فون رنگ میں ہیں،جن پرموتی، نلکیوں کا حسین کام ہے، تو فیدر لیس کی آرایش بھی اچھی لگ رہی ہے۔جب کہ دھانی رنگ ڈبل لیئر میکسی بھی ایک خوش نُما انتخاب ہے۔ اِس کا اِنر پلین سِلک فیبرک میںاور اَپر نیٹ کا ہے،ساتھ ہی فرنٹ پر تھریڈ ورک اور ریڈی میڈ پھول بھی خُوب جچ رہے ہیں۔نیز، شیفون جارجٹ کی جامنی رنگ میں ڈبل لیئر ٹیل میکسی بھی کچھ کم اچھوتا انتخاب نہیں۔