• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک منصوبہ ترقی وخوشحالی کی راہداری ثابت ہوگا،پرویزرشید

اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘اے پی پی)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاک چین اکنامک کوریڈورمنصوبہ ترقی وخوشحالی کی راہداری ثابت ہوگا‘پاکستان گوادر کی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے میں دیگر بندرگاہوں کے قیام کا بھی خیرمقدم کرے گا۔وہ منگل کو اسلام آباد میں سیمینار سے خطا ب کررہے تھے‘وفاقی وزیر نے کہاکہ اقتصادی راہداری جیسے بڑے منصوبوں سے خطے سے غربت اور جہالت ختم ہوگی اور خوشحالی آئے گی‘خطے میں امن قائم ہو گا‘ بندرگاہوں اور شاہراہوں کی تعمیر سے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے منصوبہ بندی کے وفاقی  وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاک چین تعلقات کے 65 برسوں میں ایک نیا سنگ میل ہے‘یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو جغرافیائی  تذویراتی مدار سے  اقتصادی مدارمیں لے آیا ہے‘راہداری سے خطے کے تین ارب لوگوں کو فائدہ ہوگا‘سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہاکہ چین اورپاکستان کے درمیان طویل عرصے سے کثیر الجہتی تعلقات قائم ہیں۔انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے قیادت ان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے گزشتہ چند برسوں سے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔اپنے تاثرات میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ گزشتہ65 برسوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط سے مضبو ط تر ہوئے ہیں۔  بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےسینٹر پرویز رشید نے کہاکہ گوادر بندرگاہ چین کو وسطی ایشیا اور یورپ کی منڈیوں تک رسائی کے لئے مختصر ترین راستہ فراہم کرے گی۔
تازہ ترین