• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر نے قرارداد پیش نہ کرنے دی تو ہنگامہ کریں گے: آصف زرداری


پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین، سابق صدر آصف علی زرداری کا ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہنا ہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر نے قرارداد پیش کرنے نہیں دی تو آپ کے ساتھ مل کر ہنگامہ کریں گے۔

قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے والے سابق صدر سے ایک صحافی نے سوال کیا تھا کہ اگر اسپیکر نے قرار داد پیش نہ ہونے دی تو کیا کریں گے؟

ایک اور صحافی نے آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ ملکی سیاست کا اہم موڑ آ گیا ہے، آپ کیا کہتے ہیں؟

سابق صدر نے جواب دیا کہ میں کہتا ہوں کہ ان شاء اللّٰہ بہتر ہو گا۔

غیر جمہوری قوتوں کے فائدہ اٹھانے کے سوال پر جواب

ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کچھ غیر جمہوری قوتیں موجودہ حالات سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں؟

جس پر سابق صدر نے کہا کہ اگر کسی کو اتنا شوق ہے تو آئے سنبھال لے۔

’’قومی حکومت کے تصور کا سوال نہیں پیدا ہوتا‘‘

سابق صدر نے یہ بھی کہا ہے کہ قومی حکومت کے تصور کا سوال نہیں پیدا ہوتا، اتحادی بھی تو مل سکتے ہیں نا؟ مولا نے چاہا تو عدم اعتماد کی تحریک سو فیصد کامیاب ہو گی۔

قومی اسمبلی، ایجنڈے میں تحریکِ عدم اعتماد شامل

واضح رہے کہ عمران خان وزیرِ اعظم رہیں گے یا نہیں؟ اس حوالے سے فیصلے کی گھڑی آ گئی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس آج دن 11 بجے ہو گا، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اجلاس کی صدارت کریں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے 15 نکاتی ایجنڈے میں تحریکِ عدم ا عتماد بھی شامل ہے، تحریک پر اپوزیشن کے 147 ارکان کے دستخط ہیں۔

عدم اعتماد کی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، انہیں عہدے سے برخاست کر دیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید