• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اجلاس ملتوی ہونے کا فواد چوہدری کو پہلے ہی پتہ تھا؟

وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس کے آغاز سے قبل ہی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اجلاس کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا تھا۔

اُن کا اپنے ٹوئٹ میں بتانا تھا کہ اسمبلی سیشن میں آج کچھ نہیں ہونا، سب کچھ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بابر اعظم کو جیت کیلئے جانا چاہیے، آسٹریلیا کا ڈیکلیریشن کا فیصلہ دلیرانہ مگر ہماری بیٹنگ سوا سیر ہے۔

  اجلاس پیر 28 مارچ کی شام 4 بجے تک ملتوی

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں شروع ہوا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں مرحوم اراکینِ اسمبلی کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ معزر ممبر کے انتقال کے احترام میں ایجنڈا اگلے روز منتقل کیا جاتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مزید کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک پر آئین و قانون کے مطابق کارروائی کروں گا، رکن کی وفات کے باعث روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اجلاس ملتوی کیا جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج تک 24 بار اجلاس کسی بھی رکن کی وفات پر ملتوی ہوتا رہا ہے، ماضی میں ہوا ہے کہ رکنِ اسمبلی کی وفات پر ایجنڈا اگلے روز تک مؤخر ہوا ہے۔

اس کے ساتھ ہی اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس پیر 28 مارچ کی شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا۔

قومی خبریں سے مزید