• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ انسانیت کا قتل ہے،راجہ پرویز اشرف

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ انسانیت کا قتل ہے ، زندگی بچانے والی ادویات جعلی ہونے پرانسان کس طرح بچے گا ، ملاوٹ کے ذریعے ہم ایک دوسرے کو مار رہے ہیں ،کیونکہ اشیاء میں ملاوٹ کرنے والا بھی کسی اورکی تیارکردہ  ملاوٹ شدہ اشیاء کھارہا ہوگا ،ملاوٹ کے خلاف پورے ملک میں آگہی  مہم شروع  کرنا ہوگی، یہ بات انہوں نے کہا کہ کنزیو مرز ایسوسی ایشن پاکستان کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہا کہ کتنے ظلم کی بات ہے کہ مارکیٹ میں زندگی بچانے والی ادویات بھی جعلی ملتی ہیں ، یہ وہ ادویات ہوتی ہیں جس سے انسان کی زندگیوں کو بچایا جاتا ہے ، اس طرح کے فعل میں ملوث لوگ انسانیت کا قتل کررہے ہیں ، ملاوٹ کرنے والا خود بھی کوئی ملاوٹ شدہ اشیاء ضرور کھارہا ہوگا ، ملاوٹ ایسا زہر ہے کہ جس سے ہر انسان ایک دوسرے کو قتل کررہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ملاوٹ کے خلا ف ملک بھی میں لوگوں میں شعور پیدا کرنے کے لئے مہم چلانا چاہیے ، جبکہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں کنزیومرز کمپلینٹ سینٹر قائم کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ صارفین کےحقوق کےتحفظ کے  لئےقانون بنانے چاہئیں ، انہوں نے کہا کہ تیزاب ملی ادرک کی فروخت کے پروگرام کو دیکھنے کے بعد سے میں نے ادرک کھانا چھوڑ دی ہے،اس موقع پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر ایس ایم منیر نے کہا کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو کرپشن سے پاک کردیا گیا ہے جبکہ برآمدات بڑھانے کے لئے انٹر نیشنل نمائشوں میں حصہ لینے کے ساتھ بیرون ممالک وفد بھی بھیجے جارہے ہیں ، اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں فوڈ اتھارٹی اور کنزیو مرز رائٹ پروٹیکشن ایکٹ کا جائزہ لیا جارہا ہے قانونی طور پر مکمل ہونے پر یہ قوانین اسمبلی میں پیش کئے جائیں گے ، کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ تاجروں صنعت کاروں اور پروڈیوسرز کے حقوق کا بھی تحفظ کرنا چاہیے حکومت جو بھی قانون بنائے اس میں صرف حکم پر عمل کرنے کے اختیارات نہ ہو بلکہ تاجروں ، صنعت کارو ں اور پروڈیوسرز کے لئے بھی آسانی پیدا کی جائے ،انہوں نے کہا کہ کمشنر ہاؤس میں کمپلنٹ سینٹر موجود ہے جس میں صارفین اپنی شکایات درج کراتے ہیں ، تقریب سے فیڈریشن چیمبرز آف کامرس کے نائب صدر اور آباد کے چیئر مین حنیف گوہراور ممتاز صنعت کار اختیار بیگ نے بھی خطاب کیا ، بعدازاں سابق وزیر اعظم نے ایوارڈ تقسیم کئے ۔جس میں شاہین ایئرانٹرنیشنل نے کنزیومر آئیکون ایوارڈ میں دو اہم ایوارڈ جیت لئے۔
تازہ ترین