وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان ہی جیتیں گے، اپوزیشن 172 ووٹ نہیں کر پائے گی جبکہ ناراض اراکین بھی واپس آجائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں میزبان شاہ زیب خانزاہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آخری گیند تک کھیلے گا، ووٹنگ میں عمران خان جیتے گا۔
انہوں نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ کے حلقے کا مسئلہ ہے، طارق بشیر چیمہ کو چوہدری راضی کرلیں گے۔
اپنی پارٹی کے ناراض اراکین سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ناراض اراکین کی بڑی تعداد واپس آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی ڈبیٹنگ کلب ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کل وزیرِاعظم کو کہا تھا پنجاب اسمبلی توڑ دیں، بہت پہلے سے کہہ رہا ہوں انتخابات کی طرف جانا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ 30 ،31 مارچ تک معاملات اور بہتر ہوجائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بزدار کے استعفے اور وزیراعلیٰ کے الیکشن میں کم از کم 10 دن لگیں گے۔
ن لیگی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اندر سے خوش ہوں گی کہ شہباز شریف کی اچکن نیکر بننے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف بہادر ہیں تو کل صبح ویزے کی درخواست دیں، آئیں جلوس کی قیادت کریں۔
وزیراعظم کے جلسے میں دیکھائے گئے خط سے متعلق شیخ رشید احمد نے بتایا کہ مجھے خط سے متعلق بتایا گیا لیکن میڈیا پر نہیں بتا سکتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حج کے بعد ملک میں الیکشن ہونے چاہئیں، الیکشن میں تاخیر ہوئی تو اپوزیشن سڑکوں پر ہوگی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بجٹ کے بعد حکومت کو الیکشن کروانا چاہیے، بجٹ کے بعد الیکشن جلد سے جلد کروانا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی نہیں جارہا، نہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ صاحب جا رہے ہیں نہ عمران خان۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ ادارے اور اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہیں۔
ساتھ میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے متعلق کہا کہ انہوں نے یہ شطرنج پھیلائی ہے۔