• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیم خان گروپ آج کس معاملے پر مشاورت کریگا؟


وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے چوہدری پرویز الہٰی کو پنجاب کا وزیرِ اعلیٰ نامزد کرنے کے معاملے پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا علیم خان گروپ بھی آج مشاورت کرے گا۔

اس معاملے پر مشاورت کے لیے آج علیم خان گروپ نے اجلاس طلب کر لیا ہے۔

پرویز الہٰی کی حمایت، فیصلہ علیم خان کرینگے

ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کی حمایت کرنی ہے یا نہیں اس ضمن میں فیصلہ علیم خان کریں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ علیم خان آج اپنے ساتھیوں سے مشاورت کے بعد حکمتِ عملی طے کریں گے۔

ترین گروپ کا آج اجلاس طلب

واضح رہے کہ اس سے قبل اسی معاملے پر جہانگیر ترین گروپ کی جانب سے بھی مشاورت کے لیے آج غیر رسمی اجلاس بلانے کا اعلان سامنے آیا ہے۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین گروپ کے ارکانِ اسمبلی اور رہنما موجودہ صورتِ حال پر مشاورت کریں گے۔

اجلاس کے دوران ترین گروپ اپنی تجاویز سے جہانگیر ترین کو آگاہ کرے گا جبکہ حتمی فیصلہ جہانگیر ترین سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

بزدار سے استعفیٰ لے لیا گیا

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا اور ان کی جگہ چوہدری پرویز الہٰی کو نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید