• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہیش بھٹ نے عالیہ اور رنبیر کی شادی سے متعلق خبروں کی تردید کردی

بالی ووڈ کے معروف فلم ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر مہیش بھٹ نے اپنی چھوٹی بیٹی عالیہ بھٹ کی بالی ووڈ کے ایک اور مشہور و معروف فلمی خاندان کے چشم و چراغ رنبیر کپور کے ساتھ شادی کے حوالے سے پھیلی ہوئی افواہوں کی واضح طور پر تردید کی ہے۔

بھارتی میڈیا اداروں سے گفتگو کے دوران مہیش بھٹ نے کہا کہ یہ صرف افواہیں ہیں ایسا کچھ بھی نہیں ہورہا ہے، یہ چیزیں تو کافی عرصے جاری ہیں۔

یاد رہے کہ عالیہ اور رنبیر کپور کی شادی کی افواہیں مہینوں سے نہیں بلکہ سالوں سے پھیلی ہوئی ہیں اور ہر کوئی جاننا چاہتا ہے کہ ان دونوں کی شادی کب ہورہی ہے۔ 

لیکن جس طرح ان کی فلم برہمسترا کی ریلیز کی تاریخ کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے بالکل اسی طرح ان کی شادی کی تازہ اطلاعات کی بھی اب تک تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کی شادی اپریل میں ہوسکتی ہے۔  

دریں اثنا اس سے قبل رنبیر کی آنٹی ریما جین بھی اپریل میں ان کی شادی کی تردید کرچکی ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ یہ شادی کریں گے لیکن کب یہ مجھے معلوم نہیں۔ جب یہ فیصلہ کریں گے تو آپ کو پتہ چل جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم لوگوں نے کچھ تیاری ہی نہیں کی تو شادی کیسے اتنی جلدی ہوسکتی ہے۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید