• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ملک میں کورونا وائرس کی وباء کو قابو میں کرنے کے لیے قائم کیے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ، وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا ہے کہ این سی او سی کے آپریشن کا آج آخری دن ہے۔

یہ بات نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ، وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی ہوئی ہے جبکہ اس کی ویکسی نیشن زیادہ ہو چکی ہے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء سے متعلق ذمے داریاں وزارتِ صحت کو منتقل کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے لیے این سی او سی کی سربراہی باعثِ فخر رہی، پاکستان نے جس طرح کورونا وائرس کی وباء پر قابو پایا، دنیا نے ا س کی تعریف کی۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتِحال

واضح رہے کہ پاکستان میں پانچویں لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی آئی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 47 ویں نمبر پر ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 82 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ مزید 6 کورونا مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید صرف 244 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 126 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 355 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کُل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 24 ہزار 793 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 8 ہزار 703 زیرِ علاج مریضوں میں سے 439 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 14 لاکھ 85 ہزار 735 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید