• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج رات بارہ بجے تک وزیر داخلہ ہوں، شیخ رشید


وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آج رات بارہ بجے تک وزیر داخلہ ہوں، میری سیاست کے 50 سال نالہ لئی میں غرق ہو گئے، رمضان اور عید کے بعد کسی ایک ٹی وی چینل پر اینکر بھی آرہا ہوں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ  نالہ لئی منحوس ہے، جب بھی کام کرتا ہوں حکومت نکل جاتی ہے۔ 

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے پیش نظر 24 گھنٹوں میں ہر گھنٹے بعد ملک کی سیاسی صورتحال تبدیل ہوگی۔

عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد بھی عمران خان وزیر اعظم رہیں گے، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ  آئین کے مطابق عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد بھی عمران خان وزیر اعظم رہیں گے، جب تک نیا وزیر اعظم حلف نہیں اٹھاتا، عمران خان وزیر اعظم رہیں گے، یہ وقت 5 دن ہو گا یا 10 دن آئین اس پر خاموش ہے۔

اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور فوری الیکشن کرائے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور فوری الیکشن کرائے، دوسرا راستہ ہے کہ غیر ملکی طاقتوں سے پیسے لے کر تحریک عدم اعتماد جمع کرانے والوں کو کالعدم قرار دیا جائے، تیسرا راستہ یہ ہے کہ تمام پی ٹی آئی کے لوگ اسمبلی سے مستعفی ہوجائیں، میں دیکھتا ہوں، یہ لوگ ملک کیسے چلاتے ہیں۔

شیخ رشید کا آصف زرداری پر بھتا لینے کا الزام

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  آصف زرداری کو مہینے کا بھتا آتا ہے، کیا اداروں کو معلوم نہیں کہ آصف زرداری کو کون بھتا پہنچاتا ہے، اگر غیر ملکی سازش ہے تو جنہوں نے کی ہے ان پر غداری کے مقدمے چلائیں جائیں۔

وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ بٹیر پکڑ رہے ہیں، یہ سیاسی مردے ہیں، ان کو دفن کرنا میری سیاسی ذمہ داری ہے، میں ان کے خلاف سیاسی اعلان جنگ کر رہا ہوں، فواد چوہدری ابھِی پابندی کی سمری بھیجے ابھی دستخط کروں گا۔

شیخ رشید کا اپوزیشن سے اپنا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چور کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالو، اپوزیشن کو کہتا ہوں کل کیا، ہمارا نام آج ای سی ایل میں ڈالو، ہمارے کون سے لندن میں فلیٹس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات تشویش ناک ہیں، پہلے بھی کہہ چکا، آج بھی کہتا ہوں، ملک کے ادارے عظیم ہیں، منحرف ارکان قوم کی کیا ترجمانی کریں گے، ملک کو آگے لے جانے کیلئے الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سارے اشتہاری سارے انڈر ورلڈ اپنے کیس ختم کرا رہے ہیں، عدالتوں نے فرد جرم عائد نہیں کی، 18فروری کو فرد جرم عائد ہونا تھی، چوروں کو بےنقاب کرنا ہے جن پر عدالتیں فرد جرم نہیں لگا پائیں۔

اپوزیشن نے عمران خان کو زندہ کردیا، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان مقبول ہوگئے ہیں حالانکہ ہم نے بھی غلطیاں کی ہیں، ہر حال میں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، عمران خان چوک، چوراہوں، گلیوں اور محلوں میں لڑیں گے میں ساتھ کھڑا ہوں، اس اپوزیشن نے عمران خان کو زندہ کردیا ہے، بعض لوگ خوشی کے آنسو روتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کے سب لوگوں کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس کا اعلان کرتا ہوں ، جی ایچ کیو میرا حلقہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید