سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لا کا کوئی خطرہ نہیں ہے، آج جو کچھ ہوا ہے وہ آئین اور قانون کے مطابق ہوا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پارلیمنٹ کے معاملات سے اسٹیبلشمنٹ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسپیکر کا فیصلہ حتمی ہے اس کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا، اسپیکر کا اختیار اس ضمن میں لامحدود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے جرات سے یہ فیصلہ کیا، حکومت ہماری گئی ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خوشیاں منارہی ہے اور ان کے آنسو آرہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اگر اتنے شیر کے بچے ہیں تو آئیں الیکشن لڑیں، ملک میں 90 دن کے اندر انتخابات ہونے جارہے ہیں۔