بھارتی ایئر لائن کی پرواز کے احمد آباد میں ہونے والے حادثے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث نہیں بلکہ مبینہ طور پر پائلٹ کے دانستہ اقدام کے نتیجے میں گر کر تباہ ہوا۔
اطالوی اخبار کوریری دے لا سیرا کے مطابق کمانڈر کیپٹن سمیّت سبروال نے مبینہ طور پر ایندھن کے سوئچ بند کیے۔
رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ مرکزی مشتبہ پائلٹ حادثے سے ایک ماہ قبل ڈپریشن کا شکار تھا۔
علاوہ ازیں ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ اور بلیک باکس ڈیٹا میں مکینیکل خرابی کو خارج از امکان قرار دیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ دونوں انجن دستی طور پر بند کیے گئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایئر انڈیا نے متاثرین کے اہلِ خانہ کو مالی معاوضے کی پیشکش کی ہے، بشرطیکہ وہ ایئر لائن یا طیارہ ساز کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی نہ کریں۔
یاد رہے کہ بھارتی ایئر لائن کا طیارہ 2025ء میں احمد آباد ایئر پورٹ سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
اس ہولناک حادثے میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے۔