کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈویلپمنٹ نوید عالم نے کہا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کے فٹنس لیول کو بہتر بنانے کے لئے بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے ۔ بدھ کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر مختلف مقابلوں سے سامنے آ نے والے کھلاڑیوں کی گرومنگ کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے پاکستان کی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیمیں رواں برس دسمبر میں ہونے والے ایشیا اور ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی، پی ایچ ایف رمضان المبارک اور اسکے بعد ملک بھر میں ہاکی کے ایونٹس کا انعقاد کرکے ٹیلنٹ کوسامنے لے کر آئے گی۔ نئے کھلاڑیوں کو مزید نکھارنے کے لئے طویل ٹریننگ کیمپ بھی لگانے کا ارادہ ہے تاکہ ان نئے لڑکو ں کو بھی ان کیمپس میں برابری کی سطح پر آکر اسی طرح ٹر یننگ کا موقع مل سکے جیسے اسوقت قومی سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو حاصل ہے اور پھر ایک بڑے پول سے رواں برس دسمبر میں ہونے والے ورلڈکپ اور ایشیا کپ میں شرکت کے لئے پاکستان کے لئے بہترین ٹیمیں منتخب کی جا سکیں۔ نوید عالم کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہت اچھا نہیں ، کیمپس کے ذریعے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہتر کرنے پر توجہ دےرہے ہیں ۔ فٹنس کے بغیر مہارت کسی کام کی نہیں ہوتی لہٰذا ہمیں سب سے پہلے اپنے لڑکوں کی ٹانگیں مضبوط کرنا ہونگیں۔ شہباز سینئر دنیا کے بہترین ہاکی پلیئر اور کپتان رہے ہیں اور پاکستان ہاکی کے لئے بہترین منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔