پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کل دن دیہاڑے پاکستان کے آئین پر حملہ کیا گیا، پاکستان کے آئین پر حملہ کرنے کی سزا آرٹیکل 6 ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن اور مدینہ کی ریاست کا نام لے کر پاکستان کو لوٹا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ساڑھے 3 سال بعد عوام نے تم سے سوال کرنا شروع کیے تو امر بالمعروف کا نعرہ لگا دیا۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ 7 مارچ کو انہیں پتہ چلا کہ حکومت کے خلاف سازش میں اپوزیشن شامل ہے، جو سازش کرتے ہیں کیا وہ بلا کر بتاتے ہیں کہ سازش ہورہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 8 مارچ کو خط کیوں نہیں پیش کیا گیا؟ کیوں قومی سلامتی کا اجلاس نہیں بلایا گیا؟
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ جیسے جیسے پتا چلا یہ اکثریت کھوچکے ہیں تو بیرون ملک سازش کا بہانا بنایا گیا، کل وزیر قانون نے کہا بیرون ملک سازش کی نیشنل سیکیورٹی کونسل نے توثیق کی، ہمارا مطالبہ ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کے منٹس کو پبلک کیا جائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیا نیشنل سیکیورٹی کونسل 197 ممبران کو غدار سمجھتی ہے، پاکستان کے عوام کو بھیڑ اور بکریاں سمجھا گیا، عمران خان اپنا اقتدار کھو بیٹھے ہیں، اپوزیشن کی وجہ سے عمران خان اپنی کرسی پر نہیں بیٹھے، کل احتجاج کی کال دے رہے تھے، آج جشن کی کال دے رہے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ یہ وکٹیں لے کر میچ سے ہی بھاگ گئے ،عوام انہیں این آر او نہیں دیں گے ، اپوزیشن کو ہر عدالت میں گھسیٹا، میڈیا کی زبان بند کی اور نفرت پھیلائی۔