پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمارا آخری اور اٹل مطالبہ ہے، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دی جائے، اپوزیشن کی رائے نہیں لی گئی، عمران خان نے اسمبلی تحلیل کی، صدر نے بھی آؤ دیکھا نا تاؤ، اسمبلی تحلیل کردی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پورے ملک کو ایک بحران میں مبتلا کردیا گیا، صدر نے بھی اسمبلی کو تحلیل کر نے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں اس وقت آئینی بحران کھڑا کردیا گیا ہے، ڈپٹی اسپیکر نے حساس مسئلے پر متنازعہ رولنگ دی، ایک مبینہ خط کی روشنی میں یک طرفہ فیصلہ کیا گیا۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پارلیمنٹ کی اکثریت یہ رائے رکھتی ہے کہ 2018 میں دھاندلی کے نتیجے میں حکومت بنی، سارا غیر آئینی کھیل دوبارہ دھاندلی سے اقتدار میں آنے کے لیے ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے مفروضے کی بنیاد پر قومی اسمبلی تحلیل کروائی، ہم یہ کھیل کسی صورت کھیلنے نہیں دیں گے، یہ سب کچھ ملی بھگت سے ہو رہا ہے، سب ایک دوسرے کو سہارا دے رہے ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ یہ خطرناک کھیل ہے اور کسی قیمت پر اسے آگے نہیں بڑھنے دیں گے، ہم عدالت کا احترام کرتے ہیں انہوں نے از خود نوٹس لیا اچھی بات ہے۔