سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ہمارے خلاف مقدمہ درج کریں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سازش ہوئی ہے، صدر، اسپیکر اور وفاقی وزراء اجلاس سے پہلے وزیراعظم سے ملے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کا وقت موجود ہے، پریس کانفرنس میں اس سازش کو بے نقاب کریں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ سپریم کورٹ آئین کا دفاع کرے گا، نظریہ ضرورت کا نہیں۔
قبل ازیں ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پھر سے ملک کو آئینی پٹری پر چڑھائے جانے کی امید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی نظریں اعلیٰ عدلیہ پر ہیں، آئین سے کھلواڑ کرنے والے کو کٹہرے میں لانے کی امید ہے۔