• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران صاحب تین مہینے میں الیکشن نہیں، جیل جانے کی تیاری کریں، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب آئین توڑنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہوتی، تین مہینے میں الیکشن نہیں، جیل جانے کی تیاری کریں۔

 عمران خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب آپ ملک میں الیکشن نہیں فساد، افراتفری اور انار کی چاہتے ہیں، آئین صرف اپنی لوٹ مار اور نالائقی و نا اہلی کو چھپانے کے لیے توڑا، آئین توڑ کر آپ نے اپنی سیاسی قبر کھودی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے نیشنل سیکیورٹی میٹنگ کا سہارا لے کر آئین پر حملہ کیا ہے، عمران صاحب نے نیشنل سیکیورٹی کا فورم استعمال کرکے 197 عوامی نمائندوں کو غدار قرار دیا۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی میٹنگ میں 197 لوگوں کی غداری کے ثبوت عوام کے سامنے پیش کریں، ملک آج عمران خان کی انا اور ضد پر چل رہا ہے آئین پر نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب صحیح کہہ رہے ہیں بیرونِ ملک سازش ہوئی لیکن عمران خان نے کی ہے، آپ نے بیرونِ ملک سے غیر قانونی فارن فنڈنگ لے کر معیشت تباہ کی۔

انہوں نے کہا کہ اتحادیوں نے اور آپ کے لوگوں نے آپ کو آپ کی کرتوتوں کی وجہ سے چھوڑا، غیر آئینی، آئین شکن اور آئین پر حملہ کرنے والے کی تقاریر پر پاپندی لگائی جائے، عمران خان کی انا، تکبر اور ضد نے 22 کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

قومی خبریں سے مزید