• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ میں درخواست گزار پی ڈی ایم نہیں، پاکستان کا آئین ہے، مریم نواز




پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈکٹیٹرز نے اتنے بدترین طریقے سے آئین نہیں توڑا، جس بے شرمی سے عمران نے توڑا، آج سپریم کورٹ میں درخواست گزار پی ڈی ایم نہیں، پاکستان کا آئین ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کی بات کرتے ہیں، اسپیکر آئین کے تابع ہوتا ہے، آئین اسپیکر کے تابع ہوتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے قومی سلامتی کے اعلامیے کا غلط استعمال کیا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی عمران بچاؤ کمیٹی نہیں ہے، مریم نواز نے ملٹری اداروں سے معاملے کی وضاحت کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ سب کچھ آپ نے بتادیا تو خط کیوں نہ دکھایا؟ خط اس لیے نہیں دکھایا، کیونکہ کوئی خط تھا ہی نہیں، خط سپریم کورٹ میں رکھنا چاہیے تھا، قوم کے سامنے رکھنا چاہیے تھا، وزارت خارجہ میں خط کو ڈرافٹ کیا گیا۔

 مریم نواز نے کہا کہ اگر آپ خط سامنے رکھتے تو اس کا تیا پانچا ہوجاتا، اپنے سفیر کو آپ نے راتوں رات برسلز بھیج دیا، خط کے اصل کردار سفیر صاحب کہاں ہیں؟ آپ نے قومی سلامتی کے اعلامیے کا غلط استعمال کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ کچھ دن سے جھوٹ اور پروپیگنڈے کا بازار گرم ہے، حکومت رخصت ہوتی ہے تو کارکردگی اور منصوبے لے کر عوام کے پاس جاتی ہے، جب نواز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو ان کے منصوبے ختم نہیں ہوئے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل کرے، نواز شریف کے منصوبوں پر عمران خان جعلی تختیاں لگاتے رہے، کارکردگی اور منصوبوں کے بجائے حکومت جعلی خط لے آئی۔

انہوں نے کہا کہ ان کو علم تھا کہ جب خط قوم کے سامنے آئے گا تو پول کھل جائے گا، خط کا ڈرامہ کرنا تھا اس سے ایک دن پہلے پاکستانی سفیر کو راتوں رات امریکا سے برسلز بھیجا، یہ خط نہ تھا نہ ہے، یہ ایک ڈرامہ تھا جس کا پول کھل چکا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ سازش کے ثبوت آپ کیا لے کر آئے؟ وہ تصاویر جس میں ہم ڈپلومیٹس سے مل رہے ہیں، آپ بھی ڈپلومیٹس سے ملتے رہے ہیں کیا وہ بھی سازش ہورہی تھی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جب ہم ڈپلومیٹس سے ملتے ہیں تو ہم قوم اور ملک کی بات کرتے ہیں، ہم ڈپلومیٹس کے سامنے اپنے ملک کے خوبصورت تشخص کو اجاگر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قومی سلامتی کے اعلامیے کا غلط استعمال کیا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی عمران بچاؤ کمیٹی نہیں ہے، این ایس سی کو عمران خان نے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔

مریم نواز نے سوال کیا کہ جب ڈالر 186 سے اوپر چلا گیا تو یہ سازش کس ملک نے کی؟ گھی 120 سے 500 روپے کلو ہوگیا، یہ سازش کس نے کی؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ساڑھے تین سال قوم کا خون چوسا، چند روزہ اقتدار کے لیے عمران خان نے آئین کو توڑ دیا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے اسپیکر کا نام لے کر رولنگ دے دی،  اسپیکر صاحب تو ویسے ہی دوڑ گئے ، سب سے بڑا مجرم عمران خان ہے جس نے پرچی تھمائی، عمران خان عبرت کا نشان ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ شخص کبھی احتجاج کی کال دیتا ہے، کبھی جشن کی، اگلے الیکشن میں عمران خان بطور غدار جائیں گے، عوام عمران خان کو نہیں بخشیں گے، روز ٹی وی پر عمران خان عوام کا سر کھاتے ہیں ، اب تو ٹی وی بھی عمران خان کو نہیں دکھاتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے احتجاج کی کال دی تو تین عورتیں، پانچ مرد آگئے ، یہ احتجاج ایک پولیس وین میں پورا آگیا، عمران خان کو نکالنا ہر چیز سے زیادہ ضروری تھا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میں عمران خان نہیں کہ جب بھی منہ کھولوں جھوٹ بولوں۔

قومی خبریں سے مزید