متحدہ اپوزیشن نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
رکن اسمبلی سمیع اللّٰہ خان کا کہنا ہے کہ اسپیکر اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائیں گے، تحریک عدم اعتماد پر میرے، اعجاز احمد، سلمان رفیق کے دستخط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک پر خلیل طاہر سندھو، پیر اشرف، مرزا جاوید کے دستخط بھی ہیں۔
تحریک جمع کروانے کیلئے جانیوالے ارکان کو اسمبلی کے اندر جانے سے روکا گیا تھا جس کے باعث ق لیگ کےکارکنوں اورخلیل طاہرسندھو کےدرمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے لیے کسی بھی ممبر کو اسمبلی میں داخل نہیں ہونےدیا جائےگا، پنجاب اسمبلی کے اسپیشل سیکریٹری عامر حبیب کی ن لیگ کےوفد سے ملاقات بھی ہوئی۔
عامر حبیب نے کہا کہ آپ مجھےعدم اعتماد کی تحریک دے دیں،جمع کرا دوں گا، لیگی وفد نے جواب دیا کہ ہم خود اندر جا کر تحریک جمع کرانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر پنجاب کی وزارت عظمیٰ کیلئے متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی اقتدار کی لالچ میں اندھے ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پچھلے 2 ہفتوں سے تماشہ کر رہے ہیں، بہت جلد آئینی بحران کا خاتمہ ہوناچاہیے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی نے ملک کےساتھ کھلواڑ کیا، پرویزالہٰی بھی عمران نیازی کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں۔
لیگی رہنما حمزہ شہباز نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کو سیل کر دیا گیا ہے، قومی اسمبلی اجلاس صرف 6 منٹ میں ملتوی کر دیا جاتا ہے۔