سیالکوٹ (نمائندہ جنگ)ڈی سی او سیالکوٹ آصف طفیل نے محکمہ ایری گیشن کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ دریائے چناب ، نہروں اور برساتی نالوں کے بندھوں اور پشتوں کی مرمت اور تعمیر کے منصوبوں کو 30جون سے قبل مکمل کریں ۔ ڈی سی او نے چاروں تحصیلوں کی ٹی ایم ایز کے مقامی حکام کو تلقین کی کہ وہ مون سون میں ممکنہ طوفانی بارشوں میں شہری علاقوں سے بارشی پانی کے فوری نکاس کیلئے نالوں کی ڈی سلٹنگ مکمل کروائیں ۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سیالکوٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال تا نالہ ایک اور نالہ بھیڈکی توسیع اور بھل صفائی کی اسکیمیں مکمل کرکے ٹی ایم اے سیالکوٹ کے حوالے کریں ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روزڈسٹرکٹ فلڈ کنٹرول کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر ، ای ڈی او فنانس سیالکوٹ شجاع قطب بھٹی، ڈی سی او سیالکوٹ عبدالسلام، ای ڈی او ورکس سیالکوٹ، ایکسئین ایرگییشن سیالکوٹ ، ڈی او ایمرجینسی سیالکوٹ اور ڈی او پی سیالکوٹ بھی موجود تھے ۔ا جلاس میں محکمہ ایری گیشن ، ریسکیو اور ٹی ایم ایز کے مقامی حکام نے پری فلڈ ا انتظامات کے بارے میں ڈی سی او سیالکوٹ کا آگاہ کیا۔ قبل ازیں انہوں نے تحصیل سیالکوٹ کے 80ریونیو افسران اور اہلکاروں میں اینڈرائڈ موبائل فون تقسیم کئے۔