• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل پی جی کوٹہ کے حوالے سے خبر‘ اعتزاز احسن کا انگریزی اخبار کو 50کروڑ ہرجانے کانوٹس

اسلام آباد(ممتاز علوی) قائد حز ب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے ’’دی ڈیلی ٹائمز‘‘ لاہور اور اسلام آباد کو اپنے اٹارنی کے ذریعے ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوایا ہے اور 50 کروڑ روپے  ہرجانےکا مطالبہ کیا ہے۔مذکورہ اخبار نے 24 مئی ، 2016  کو ’’مشرف کوٹہ سے فائدہ اٹھانے والی 83 ایل پی جی کمپنیوں میں  اعتزاز کی بیوی بھی شامل ہیں‘‘ سے متعلق خبر شائع کی تھی۔قانونی نوٹس  بیرسٹر گوہر علی خان اور بیرسٹر فواد سید کے ذریعے بھجوایا گیا ہے، جس میں اخبار میں شائع ہونے والی خبر کوغلط قرار دیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق  اعتزاز احسن اور ان کی بیوی نے جنرل مشرف  یا کسی اور حکومت سے کسی قسم کا کوئی مفاد حاصل نہیں کیا،  بلکہ اعتزاز احسن نے  مشرف کے خلاف  وکلا ء تحریک کی قیادت کی، جو مشرف کی بے دخلی کی وجہ بنا۔ایسے میں  مشرف  نے ان کا کوٹہ ختم کیوں نہیں کیا؟ نوٹس میں وضاحت کی گئی ہے کہ بشریٰ اعتزاز احسن 2000ء میں پابندیاں ختم ہونے اور پرائیویٹ سیکٹر میں منتقلی کے بعد  ایل پی جی کے کاروبار سے وابستہ ہوئیں۔ انہوں نے نہ ہی کسی حکومت سے کوئی فائدہ اٹھایا اور نہ ہی  کوئی قانون شکنی کی۔نوٹس کے ذریعے سینیٹر اعتزاز احسن نے معافی طلب کی ہے، اگر ایسا نہیں کیا گیا تو وہ 50 کروڑ روپے ہرجانے کی رقم حاصل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔
تازہ ترین