اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروادی ہے۔
اپوزیشن رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی نے سیکریٹری قومی اسمبلی کے پاس تحریک عدم اعتماد جمع کروائی۔
تحریک عدم اعتماد کے متن کے مطابق قاسم خان سوری نے ایوان چلاتے ہوئے بدترین مثال قائم کی ہے، انہیں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے سے ہٹایا جائے۔
متن کے مطابق ڈپٹی اسپیکر نے رولز اور پارلیمانی، جمہوری روایات کی خلاف ورزی کی ہے، قاسم سوری نے ایوان چلاتے ہوئے آئینی شقوں کی بھی خلاف ورزی کی۔
عدم اعتماد کے متن کے مطابق ڈپٹی اسپیکر نے حکومت کی حمایت میں متعصبانہ رویہ اپنایا، قاسم سوری نے 3 اپریل کو وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کی رولنگ دی۔
متن کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیا، قاسم سوری نے دانستہ طور پر آئین کو سبوتاژ کیا، اُن کا اقدام آرٹیکل 6 کے زمرے میں آتا ہے۔