قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی زیرِ صدارت اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا اسعد، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔
اپوزیشن پارٹیوں کے پارلیمانی اجلاس میں 176 ارکانِ قومی اسمبلی شریک ہوئے۔
اجلاس میں آج تحریکِ عدم اعتماد کے حوالے سے قومی اسمبلی کے اجلاس کے بارے میں حکمتِ عملی طے کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریکِ عدم اعتماد آئینی و جمہوری حق ہے، اس کے لیے آج ہونے والی ووٹنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی میں وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی۔
واضح رہے کہ 7 اپریل کو سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر آئینی قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی بحال کر دی تھی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے بعد آج قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔