وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوتے ہی معروف اداکارہ، ماڈل و میزبان وینا ملک نے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کردیا۔
وینا ملک نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عمران خان کے حق میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان اس وقت دنیا کے مقبول ترین شخص ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کون ہوگا جو عمران خان جیسے لیڈر کی قدر نہیں کرے گا؟
اداکارہ نے کہا کہ ایسا شخص تو کبھی پاکستان کی تاریخ میں آیا ہی نہیں، سچا، ایماندار، بے لوث، بہادر، دین دار اور حق گو۔
وینا ملک نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف سازش میں جو جو پاکستان سے شامل ہوا، اسے عوام اور تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، پھر چاہے وہ کوئی بھی ہو۔
خیال رہے کہ وینا ملک کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُن شخصیات میں ہوتا ہے جو وزیراعظم عمران خان کو بھرپور انداز میں سپورٹ کررہی ہیں۔
اس سے قبل جب سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی کو بحال کردیا تھا اور ہفتے کی صبح دس بجے اجلاس بلانے کا حکم دیا تھا تو اُس کے بعد وینا ملک کا ٹوئٹر اکاؤنٹ غائب ہوگیا تھا۔
یہ واضح نہیں تھا کہ وینا ملک نے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیا تھا یا پھر اُنہوں نے خود اپنا اکاؤنٹ عارضی طور پر بند کیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوگئی۔ عمران خان اب وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نہیں رہے۔
پینل آف چیئر ایاز صادق نے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 174 ووٹ آئے اور یہ کثرت رائے کے ساتھ منظور ہوئی۔