کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) نے لاہور اور پشاور میں کارروائیاں کرتے ہوئے 5 دہشت گروں کو ہلاک اور 5 کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی پشاور کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی بنوں ریجن نے کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، آئی ای ڈی، موٹرسائیکلیں و دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے 3 کلاشنکوف، 12 میگزینز، 9 ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور سیکیورٹی فورسزز پر حملوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب ترجمان سی ٹی ڈی لاہور کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات پر پنجاب بھر میں 19 کارروائیاں کی گئیں، جس کے نیتجے میں 5 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے ڈیٹونیٹر، دھماکا خیز مواد، دستی بم، سیفٹی فیوز، کیش، آئی ای ڈی و دیگر مواد برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان نے کہا کہ تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، دہشت گردوں نے پنجاب میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔
انہوں یہ بھی کہا کہ دہشت گرد اہم تنصیبات، دہشتگرد کارروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔