سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کل وزیراعظم کے الیکشن کے بعد تحریک انصاف کے اجتماعی استعفوں سے متعلق موقف دیا ہے۔
ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ق لیگ کے سینئر رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار پرویز الہٰی سے اجتماعی استعفوں پر بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی کا بھی خیال ہے کہ اسمبلی سے استعفے دے دینے چاہیے، کل ووٹنگ کے بعد پی ٹی آئی مستعفی ہوجائے گی۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ کل 12 بجے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں استعفے عمران خان کے حوالے کیے جائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے ہاں غالب رائے یہ ہی ہے کہ اسمبلیوں میں نہیں بیٹھنا چاہیے، ہمیں اس حکومت کے خلاف عوامی تحریک شروع کرنی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ استعفوں کے بعد کسی مائی کے لال میں ضمنی انتخابات کی ہمت نہیں ہوگی، عام انتخابات ہی حل ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ استعفے دینے کا فیصلہ کوئی سیاسی داؤ نہیں بلکہ پاکستان کی خود مختاری کے لیے کیا گیا ہے، اگر ایسا نہیں کیا تو یہ عوام سے زیادتی ہوگی۔