سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر عوام کے نام پہلا پیغام جاری کردیا۔
شیخ رشید احمد نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر موجود اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر پاکستان کے عوام کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔
اُنہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ نکلو پاکستان کی خاطر، نکلو اپنے روشن اور محفوظ مستقبل کی خاطر۔
سابق وزیر داخلہ نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ امپورٹڈ گورنمنٹ نامنظور کا بھی استعمال کیا۔
اس کے علاوہ اُنہوں نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ٹوئٹ پر بھی ردّعمل دیا تھا جس میں اُنہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ بدھ کے روز عشاء کی نماز کے بعد پشاور میں ایک اجتماعِ عام سے خطاب کریں گے۔
اس ٹوئٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے اپنا استعفیٰ عمران خان کے حوالے کردیا۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا۔
عمران خان کی ہدایت کے بعد پی ٹی آئی ارکان قومی سمبلی نے استعفے دینے شروع کر دیے۔