• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات

وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے وسیم اختر، سید امین الحق اور جاوید حنیف شریک ہوئے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ رانا ثناء اللّٰہ، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق اور مریم اورنگزیب ملاقات میں شریک تھے۔

حکومت چلانے کیلئے MQM کا ساتھ ناگزیر قرار

اس موقع پر وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے حکومت بنانے اور چلانے کے لیے ایم کیو ایم کا مضبوط ساتھ ناگزیر قرار دیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزارتوں اور ایم کیو ایم سے کیے گئے معاہدوں پر مشاورت بھی کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی کراچی میں ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز آمد متوقع ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کی مزارِ قائد پر حاضری کے موقع پر ایم کیوایم کی قیادت ان کے ہمراہ ہو گی۔

شہباز شریف BAP کے رہنما سے بھی ملیں گے

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کے بعد آج ہی پارلیمنٹ لاجز میں بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس ملاقات میں بھی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر بات چیت ہو گی۔

شہباز شریف 23 ویں وزیرِ اعظم بن گئے

واضح رہے کہ میاں محمد شہباز شریف نے گزشتہ شب پاکستان کے 23 ویں وزیرِ اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی۔

شہباز شریف سے حلف کس  نے لیا؟

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علیل ہو جانے کے باعث تعطیل پر چلے جانے کی وجہ سے قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے شہباز شریف سے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لیا۔

حلف برداری میں کون کون شریک؟

حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، سیاسی رہنماؤں، اراکینِ پارلیمنٹ اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز، حمزہ شہباز، مولانا فضل الرحمٰن سمیت متحدہ حکومت کے رہنماؤں، ممبرانِ قومی اسمبلی اور سینیٹ نے تقریب میں شرکت کی۔

مختلف ممالک کے سفیر بھی تقریبِ حلف برداری میں موجود تھے۔

اس سے قبل قومی اسمبلی نے شہباز شریف کا 174 ووٹوں سے ملک کے نئے وزیرِ اعظم کی حیثیت سے انتخاب کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید