وزیرِاعظم شہباز شریف کل ایک روزہ دورے پر کراچی آئیں گے، وہ مزارِ قائد پر حاضری بھی دیں گے۔
وزیرِ اعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کل کراچی پہنچیں گے۔
مزارِ قائد پر حاضری کے دوران ان کے ہمراہ اتحادی جماعتوں کے سربراہان بھی موجود ہوں گے۔
ترجمان وزیرِ اعظم ہاؤس کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مزارِ قائد کے دورے کا مقصد پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے قائدِ اعظم کے وضع کردہ سنہری اصولوں کی پیروی کا اعادہ کرنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ شہباز شریف وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں ملاقاتیں بھی کریں گے اور کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی حکمتِ عملی کے لیے مشاورتی عمل کی صدارت بھی کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آج اسی حوالے سے اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کے علاوہ وسیم اختر، سید امین الحق اور جاوید حنیف شریک ہوئے۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت بنانے اور چلانے کے لیے ایم کیو ایم کا مضبوط ساتھ ناگزیر ہے۔
ملاقات میں وزارتوں اور ایم کیو ایم سے معاہدوں پر مشاورت بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ میاں محمد شہباز شریف نے گزشتہ شب پاکستان کے 23 ویں وزیرِ اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علیل ہو جانے کے باعث تعطیل پر چلے جانے کی وجہ سے قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے شہباز شریف سے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، سیاسی رہنماؤں، اراکینِ پارلیمنٹ اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز، حمزہ شہباز، مولانا فضل الرحمٰن سمیت متحدہ حکومت کے رہنماؤں، ممبرانِ قومی اسمبلی اور سینیٹ نے تقریب میں شرکت کی۔
مختلف ممالک کے سفیر بھی تقریبِ حلف برداری میں موجود تھے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی نے شہباز شریف کا 174 ووٹوں سے ملک کے نئے وزیرِ اعظم کی حیثیت سے انتخاب کیا تھا۔