حکومتی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ ہماری بھی خواہش ہے اسمبلیاں مدت پوری کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران کی خراب کارکردگی کا بوجھ اٹھاکر الیکشن میں جانا بے وقوفی ہوگی، جلد الیکشن میں جانا بہتر ہوگا۔
سید خورشید شاہ نے مزید کہا کہ اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کرچلنا ہے، معیشت کو بہتر کرنا ہے، صاف اور شفاف انتخابات کرانا ہے۔
پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ جس خط کو بیانیہ بنایا گیا ہے، اس پر ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی اور اُس میں سفیر کو بھی بلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جلسے کرنے سے نہیں روکا جائے گا، یہ اجازت نہیں دیں گے کہ کسی شریف آدمی کی پگڑی اچھالی جائے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے استعفوں کے بعد ضمنی انتخابات کرائیں گے، جنرل الیکشن میں ابھی ڈیڑھ سال ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک چیز بتادیں جو انہوں نے کنٹینر پر چڑھ کر کہی تھی اور اس کو دوران اقتدار پورا کیا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ ہمارے ق لیگ کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہیں، ہم ن لیگ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ پنجاب اور وفاق کی سیاست الگ الگ کریں۔