پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر شہر قائد کراچی پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دورانِ پرواز اپنا وقت آرام میں گزارنے کے بجائے کراچی کی بہتر معیشت کے لیے صرف کر دیا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کی جانب سے وزیر اعظم کی چند تصویریں ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ہیں جن میں شہباز شریف کو سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل ودیگر کے ہمراہ میٹنگ میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا اپنی ٹوئٹ میں بتانا ہے کہ ’وزیر اعظم شہباز شریف اپنی پرواز کے دوران بھی کراچی کی معیشت سے متعلق میٹنگ کر رہے ہیں، پاکستان انشاء اللّٰہ اتنی تیزی سے آگے بڑھے گا اسے ’پاکستان اسپیڈ‘ کا نام دیا جائے گا۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعظم کی خصوصی پرواز نے شارع فیصل پر پاکستان ایئرفورس کے فیصل ایئر بیس پر لینڈ کیا جہاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ وزیراعظم کو ہیلی کاپٹر میں لے کر وزیراعلیٰ ہاؤس کے لیے روانہ ہوگئے۔