پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل (این ایس سی) ہی وہ فورم ہے جہاں مراسلے پر مزید گفتگو ہوسکتی ہے، سفیر کو بھی بلا کر پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے کیا لکھا تھا۔
اپنے بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ کوئی اس طرح ملک چلاسکتا ہے، عمران خان نے اپنی حکومت بچانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کو نہ ملک اور ملک کے تعلقات کی پرواہ ہے، اس معاملے کی تہہ تک جاکر حقائق عوام کے سامنے رکھنا پڑیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کا جھوٹ سامنے آچکا ہے، جب این ایس سی کی میٹنگ ہوگی مراسلہ دیکھیں گے۔
شاہد خاقان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 18 گھنٹے کام کر رہے ہیں جلد کابینہ بھی بن جائے گی، کابینہ نہ بننے کی وجہ سے کام میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، کام ہو رہا ہے، آج بھی ہم صبح 8 بجے گئے اور 11 گھنٹے کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی لاپرواہی ان معاملات میں ہم نے دیکھی، زندگی میں کبھی نہیں دیکھی، استعفے دینا ان کا جمہوری حق ہے اب ان حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوجائے گا، ضمنی انتخاب میں بھی حصہ لینا ان کا جمہوری حق ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم حقائق سے جھوٹ کو شکست دیں گے، اپنے حلقے میں گیا تھا وہاں لوگ خوشیاں منا رہے ہیں۔