• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف کا راول چوک فلائی اوور کا دورہ، تاخیر پر تحقیقات کاحکم

وزیراعظم شہباز شریف نے راول چوک فلائی اوور میں تاخیر کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

آج صبح سویرے وزیراعظم شہبازشریف نے راول چوک فلائی اوور کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو جاری ترقیاتی کام پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے منصوبے پر کام مکمل نہ ہوسکا، منصوبہ ستمبر تک مکمل ہوجانا چاہیے اور اسکی تکمیل میں معیار پر کوئی سمجھوتا برداشت نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر منصوبہ ستمبر تک مکمل نہ ہوا تو میں سخت ناخوش ہوں گا اور پھر اللّٰہ حافظ۔

شہباز شریف نے کہا کہ ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، منصوبے میں تاخیر کیوں ہوئی، کمیٹی بنا کر انکوائری کرائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2 سال میں میگا پروجیکٹ بن جاتے ہیں، آپ ایک چھوٹے سے منصوبے کو 2 سال دے رہے ہیں، اس سے کیا تاثر جائے گا۔ منصوبے کی تحقیقات تھرڈ پارٹی سےکرائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی کو نااہلی کی وجہ سے بلیک لسٹ کیوں نہیں کیا گیا؟ ماضی میں ایسے منصوبے 6 ماہ میں مکمل ہوئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں کئی ماہ سے یہاں سے گزر رہا ہوں، کام بند پڑا تھا، 2 ماہ سے منصوبے پر کام بند پڑا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ منصوبے کا آغاز 2020 میں ہوا، مکمل اب تک نہ ہوسکا، عوامی مفاد کے منصوبوں کو جلد مکمل ہونا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید