این اے 33 ہنگو ضمنی انتخاب کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر ندیم خیال کامیاب ہوگئے۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر ندیم خیال نے 20ہزار 772ووٹ حاصل کیے، جے یو آئی کے مفتی عبید اللّٰہ 18ہزار 244ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 33 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کا تناسب 13 اعشاریہ 53 فیصد رہا، جبکہ مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 537 ہے۔
این اے 33 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔
ہنگو میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پی ٹی آئی، جے یو آئی (ف) اور اے این پی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع تھا۔
حلقے کے 210 پولنگ اسٹیشنز میں 3 لاکھ 14 ہزار 77 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
یہ نشست تحریک انصاف کے ایم این اے حاجی خیال کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی اور پی ٹی آئی نے اس نشست کے لیے حاجی خیال کے بیٹے کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔