• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: عنایا

ہینڈ پینٹڈ ملبوسات اور دوپٹے:گولڈی بائے ثمن

آرایش: دیوا بیوٹی سیلون

عکاّسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

ماہِ رمضان میں جہاں مساجد، جذبۂ عبودیت سے سرشار نمازیوں سے آباد ہوجاتی ہیں، وہیں عبادتوں کے مہکتے پھولوں کی خوشبو جسم و جاں کو کچھ یوں معطّر کرتی ہے کہ تن مَن کی دُنیا ہی بدل جاتی ہے۔ اب جب کہ دُنیا بَھر کے مسلمان رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ، نارِ جہنم سے نجات کا عشرہ گزار رہے ہیں، تو سب کی یہی کوشش ہے کہ قبل اس کے کہ رحمتوں، برکتوں، مغفرتوں کے یہ دَر بند ہوجائیں، ہدایت اور نیکیوں کا موسم گزر جائے، زیادہ سے زیادہ گناہ بخشوا لیے جائیں۔

ویسے تو یہ پورا مہینہ ہی فیوض و برکات سے لب ریز ہے، مگر آخری دس ایّام اس لیے بھی زیادہ اہمیت اور انفرادی مقام رکھتے ہیں کہ ان میں اعتکاف کا اہتمام کیا جاتا ہے، شبِ قدر پانے کی کوشش ہوتی ہے اور آخر میں صدقۂ فطر ادا کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ آخری عشرے میں افطاردعوتوں کا سلسلہ بھی زور پکڑ لیتا ہے۔ تو آج ہم نے اپنی بزم ماحول ہی کی مناسبت سےکچھ ہلکے، گہرے رنگوں کے ہینڈ پینٹڈ پیراہن اور دوپٹوں سے مرصّع کی ہے۔

ذرا دیکھیے،سفید ساٹن سِلک کی گھیر دار شلوار کے ساتھ گلابی رنگ کی ہینڈ پینٹڈ قمیص کے ساتھ ستارہ ورک سے مزیّن نیٹ کا دوپٹا کس قدر پیارا لگ رہاہے۔ پھر سفید ساٹن سِلک شلوار اور بلیو کٹ ورک قمیص کے ساتھ ہینڈ پینٹڈ دوپٹا بھی، جس کے ایک جانب پھول، تو دوسری جانب اسٹروک انداز کی لائینز ہیں، بےحد خوش گوار تاثر دے رہا ہے، تو اِسی پیراہن کے ساتھ سفید بیس لیے دوپٹا، جس پر ہاتھ سے پینٹ کیے گئے ملٹی شیڈڈ پھول اور کہیں کہیں تھریڈ ورک سے آراستہ بنچز نمایاں ہیں، کچھ کم حسین نہیں لگ رہا۔

جامنی رنگ کی گھیر دار شلوار کے ساتھ کینڈی پنک رنگ ڈھیلی ڈھالی گول دامن قمیص کا اسٹائل اچھا ہے، تو ساتھ رسٹ رنگ ہینڈ پینٹڈ اسکارف بھی خُوب جچ رہا ہے۔ پھر سیاہ ساٹن سِلک پیراہن کے ساتھ قمیص کے فرنٹ پرنٹ سے ہم آہنگ اسکارف خُوب میل کھا رہا ہے، تو سیاہ رنگ ساٹن سِلک کی شلوار کے ساتھ کنٹراسٹ میں پلین مونگیا رنگ قمیص اور انتہائی دِل آویز ہینڈ پینٹڈ پھول دار دوپٹے کے حُسن و جاذبیت کے بھی کیا ہی کہنے۔