• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دادو کے دیہات میں آگ کیسے لگی؟ حادثہ، سازش یا دشمنی؟ سلگتے سوال جواب کے منتظر


دادو کے دیہات میں آگ کیسے لگی؟ کیا حادثاتی طور پر شعلے بھڑک اٹھے؟ کیا کسی نے سازش کی چنگاری پھونکی؟ کیا کوئی دشمنی کی آگ میں ایسا جلا کہ سب کچھ بھسم کر بیٹھا؟

پولیس نے کھلے چولہے سے اٹھنے والی آنچ کو وجہ قرار دے کر دامن جھاڑ لیا، ایف آئی آر لکھوانے والے کے انتظار میں بیٹھ گئی۔

کیا مقامی انتظامیہ حقائق تک پہنچنے کی ذمے داری اٹھائے گی؟ کیا صوبائی حکومت واقعے کی فارنزک تحقیقات کروائے گی؟

سلگتے سوالوں کے جواب کون دے گا؟ لواحقین نے بھی جواب مانگ لیا۔

دادو کی تحصیل میہڑ کے 2 دیہات میں کون سا آتش فشاں پھٹا، آگ کے شعلے لاوے کے طرح سب کچھ راکھ کرگئے۔

دیہات کو جنگل کی آگ کی طرح جکڑ لیا، تھوڑے تھوڑے فاصلے پر بنے 125 سے زیادہ کچے مکانات خاک ہوگئے، دوسرے گاؤں میں 20 سے زیادہ مکان شعلوں کی نذر ہوگئے۔

کئی مکان اب بھی دھواں دھواں، رات ڈیڑھ سے دو بجے کے درمیان شعلے ایسے لپکے کہ زمین سیاہ پڑ گئی۔

آگ 9 بچوں کی زندگیاں نگل گئی، 160 جانور جھلس کر موت کے اندھیروں میں اتر گئے، زندگی بھر کی جمع پونجیاں شعلے چاٹ گئے۔

آگ کیسے لگی؟ حادثہ، سازش یا دشمنی؟ انتظامیہ بھی سوتی رہ گئی، فائر بریگیڈ نے بھی گاڑیاں خراب ہونے پر ہاتھ کھڑے کردیے، مدد کے انتظار میں امید، آس، تلاش، سب ختم ہوگیا۔

قومی خبریں سے مزید