دُنیا کے امیر ترین شخص اور امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے کے لیے اپنی 15 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔
بین الاقوامی میڈیا نے اس معاملے سے واقف دو ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے کے لیے اپنی رقم میں سے 10 بلین سے 15 بلین ڈالر کے درمیان سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایلون مسک، جو 9.1 فیصد اسٹیک کے ساتھ ٹوئٹر کے دوسرے سب سے بڑے شیئر ہولڈر ہیں، تقریباً 10 دنوں میں ایک ٹینڈر پیشکش شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور اُنہوں نے مورگن اسٹینلے کو مزید 10 بلین ڈالر کا قرضہ اکٹھا کرنے کے لیے کہا ہے۔
مسک، جو کہ امریکی کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو بھی ہیں، ضرورت پڑنے پر اپنے موجودہ اسٹیک کے خلاف بھی قرض لینے کے لیے تیار ہو سکتے ہیں، یہ اقدام ممکنہ طور پر کئی بلین اضافی ڈالر جمع کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بہت سے سرمایہ کار، تجزیہ کار اور سرمایہ کاری بینکرز توقع کرتے ہیں کہ ٹوئٹر کا بورڈ آنے والے دنوں میں مسک کی پیشکش کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دے گا کہ یہ ناکافی ہے۔
خیال رہے کہ مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریدنے کا پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا جب انہوں نے ایک روز قبل ٹوئٹر بورڈ میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ میں نے ٹوئٹر میں اس لیے سرمایہ کاری کی ہے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ اس پلیٹ فارم میں دنیا بھر میں آزادی اظہارِ رائے کی صلاحیت ہے، جبکہ میرا ماننا ہے کہ آزادی اظہارِ رائے جمہوریت کے کام کرنے میں سماجی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب سے میں نے اس پلیٹ فارم میں سرمایہ کاری کی، تب سے مجھے یہ اندازہ ہوا ہے کہ یہ کمپنی اپنی موجودہ صلاحیت میں نہ سماجی خدمت دکھا رہی ہے اور نہ ہی اس پر کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں اس کمپنی کے 100 فیصد شیئر خریدنے کی پیشکش کرتا ہوں جس کی قیمت 54 اعشاریہ 20 ڈالر فی شیئر ہوگی۔