ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے دنیا کی نامور مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ اور صف اول کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کردی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے کمپنی خریدنے کی پیشکش کی ہے اور اسے اب تک کی بہترین اور حتمی پیشکش بھی کہا ہے۔
ٹوئٹر پر ہی اپنے پیغام میں ایلون مسک نے ایک پیغام جاری کیا جس میں انہون نے تحریر کیا کہ میں نے پیشکش کردی، ساتھ میں انہوں نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا لنک بھی شیئر کیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسک نے 54 اعشاریہ 20 ڈالر فی شیئر کی پیشکش کی جس کے مطابق ٹوئٹر کی مجموعی قدر 43 ارب 40 کروڑ ڈالر ہے۔
دوسری جانب ٹوئٹر بورڈ نے کہا کہ وہ اس معاملے کی باریک بینی سے جائزہ لیں گے، جبکہ انہوں نے ایلون مسک کی اس پیشکش کو غیر منقولہ بھی قرار دیا۔
بورڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کمپنی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے بہترین مفاد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کارروائی کریں گے۔
خیال رہے کہ مسک کی جانب سے یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا جب انہوں نے ایک روز قبل ٹوئٹر بورڈ میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔
ایلون مسک کا کہنا ہے کہ میں نے ٹوئٹر میں اس لیے سرمایہ کاری کی ہے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ اس پلیٹ فارم میں دنیا بھر میں آزادی اظہارِ رائے کی صلاحیت ہے، جبکہ میرا ماننا ہے کہ آزادی اظہارِ رائے جمہوریت کے کام کرنے میں سماجی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے میں نے اس پلیٹ فارم میں سرمایہ کاری کی، تب سے مجھے یہ اندازہ ہوا ہے کہ یہ کمپنی اپنی موجودہ صلاحیت میں نہ سماجی خدمت دکھا رہی ہے اور نہ ہی اس پر کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا میں اس کمپنی کے 100 فیصد شیئر خریدنے کی پیشکش کرتا ہوں جس کی قیمت 54 اعشاریہ 20 ڈالر فی شیئر ہوگی۔