• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر فطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ غیر فطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مینارِ پاکستان پر کل کےاجتماعِ عام کی تیاریوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاً حکومت کی تشکیل و ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق غیر یقینی صورتحال، امپورٹڈ حکومت کے ملکی معیشت پر تباہ کن اثرات پر اظہار تشویش کیا گیا، ملک میں بلا تاخیر عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے، قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہے، قوم اس وقت بیرونی سازش اور خود مختاری پر  کیے جانے والے حملے پر نگاہیں جمائے ہوئے بیٹھی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم آزادی و خود مختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں، جب بھی کسی ملک پر فیصلہ کن وقت آتا ہے، قوم قیادت کی جانب دیکھتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں، شفاف انتخاب سے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انتظامیہ رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں، مینارِ پاکستان کا کل کا اجتماع تاریخ رقم کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید