• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر دفاع کے فوج سے متعلق بیانات ٹی وی اور سوشل میڈیا پر چل رہے ہیں، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع کے فوج سے متعلق بیانات ٹی وی اور سوشل میڈیا پر چل رہے ہیں، کابینہ کا آئندہ اجلاس اس حساب سے کوٹ لکھپت جیل میں ہونا چاہیے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ملک عوام کی خواہشات پر چلتا ہے خواص کی مرضی سے نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پشاور کے جلسے پر پرویز خٹک صاحب کو مبارک باد دی، آزادی کی تحریک لوگوں کے دلوں میں گھر کر گئی ہے، لوگ پاکستان کی آزادی کو مقدم سمجھتے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہر غیرت مند پاکستانی عمران خان کی ایک آواز پر لبیک کہنے کے لیے تیار ہے، وزیراعظم کو ملا کر 36 ،37 افراد کابینہ میں شامل ہیں، ان میں سے وزیراعظم سمیت 24 افراد مختلف کیسز میں ملوث ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں جواب دیتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے لوگ بھی مختلف کیسز میں ملوث تھے، پی ٹی آئی کے لوگوں کے خلاف سیاسی مقدمات تھے۔

انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس میں نےدیکھی ہے، لگتا ہے جھوٹ لکھنے والے فرشتوں کو اوور ورک کام کرنا پڑ رہا ہوگا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ جہاں سے آزادی کی تحریک شروع ہوئی تھی وہاں جلسہ کرنے جارہے ہیں، ایک دھمکی پر سازش کے ذریعے عمران خان کو ہٹایا گیا، عوام کابینہ کو اپنی توہین سمجھ رہے ہیں، یہ دبکے بیٹھے ہیں، ان پر عوام کا بہت زیادہ دباؤ ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سمجھا جارہا ہے کہ انہوں نے غیر ملکی طاقتوں کے آگے ملک کو گروی رکھ دیا ہے، لوگوں کی غلط فہمی ہے کہ عمران خان کو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے صبر و تحمل کے باعث گلی محلوں میں لڑائی نہیں ہورہی، ہمیں دیوار کے ساتھ لگایا گیا تو سب سے زیادہ نقصان خود ان لوگوں کو ہوگا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ منی لانڈنگ کیسز کی پیروی کرنے والے ایف آئی اے افسران کو جبری رخصت پر بھیج دیا گیا، ایف آئی اے شریف فیملی کے 40 ارب کی منی لانڈنگ کے کیسز دیکھ رہی ہے، سپریم کورٹ کو ایسے ہی کام کرنے چاہئیں اور ان معاملات کا نوٹس لینا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید