• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دادو میں آگ لگی تو رسپانس آہستہ تھا، وزیر اعلیٰ کا اعتراف

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعتراف کیا ہے کہ دادو میں آگ لگی تو رسپانس آہستہ تھا، تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین کرکے سزا دیں گے، سروے شروع کر دیا ہے، گاؤں والوں سے وعدہ کیا ہے گھر بنا کر دیں گے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ دادو واقعے میں جن کے مویشیوں کی اموات ہوئی ہیں ،اناج ضائع ہوا،ان کو ازالے کیلئے رقم دیں گے۔

عمران خان مسلسل ناکام ہورہے ہیں اب ان کا بیانیہ نہیں چلے گا

انہوں نے کہا کہ عمران خان مسلسل ناکام ہورہے ہیں اب ان کا بیانیہ نہیں چلے گا، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے ان کا آفس سندھ کے مسائل حل کرنے کے لیے حاضر ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں ہم نے پانچ سالوں کا کام کرنا ہے، نا اہلی، نالائقی کی وجہ سے پی ٹی آئی کی حکومت گئی ہے، عمران خان وقتاً فوقتاً اپنے بیانات سے پھرتے رہتے ہیں، عمران خان کو شاید اپنے بیانات خود یاد نہ ہوں لیکن لوگوں کو یاد رہتے ہیں۔

مراد علی شاہ کاکہنا تھا کہ یہ سو سو روپے کاچندہ جمع کر رہے ہیں اور خود چارٹر طیارے میں آتے ہیں۔

سندھ میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ اس وقت صوبے میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، یقین ہے تجربہ کارٹیم ان مسائل کوحل کرے گی جوپچھلی حکومت چھوڑ کر گئی۔

مراد علی شاہ نے کہاکہ مسئلہ نااہلی ہے جس کی وجہ سے حکومت گئی ہے، مسئلہ یہ ہے کہ عوام کو ریلیف نہیں دے سکے، بہانے جو بھی بنالیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ جب بھی الیکشن ہوں گے عمران خان کی پارٹی بری طرح سے ناکام ہوگی۔

صدر عارف علوی کا کام آئین کی پاسداری ہے


انہوں نے کہا کہ صدرعارف علوی کاکام آئین کی پاسداری ہے، صدر کے پاس دو آپشن ہیں ایک کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں، اگر صدر آئینی ذمہ داری پوری نہیں کرسکتے تو عہدہ چھوڑ دیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کاکہنا تھا کہ ساڑھے 3 سال سندھ میں کافی ایشوز آئے، سلیکٹڈ وزیراعظم نے اُس وقت ایک فون بھی نہیں کیا، اب ہم ڈیڑھ سال میں 5 سالوں کا کام کرنا ہے،کیونکہ الیکشن میں جائیں گے تو لوگ 5 سال کا حساب مانگیں گے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ میرے خلاف نیب ریفرنس میں ایک الزام یہ بھی ہےمیٹنگ میں وزیراعلیٰ نے کہا منصوبہ جلد مکمل کریں۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس کی سماعت کے دوران آج وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر فرد جرم دسویں بار مؤخر کی گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید