ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کراچی کے علاقے الفلاح ٹاؤن سے 14 سال کی لاپتہ لڑکی دعا زہرہ کو سانگھڑ سے بازیابی کی خبر کی تردید کی ہے۔
یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پولیس نے سانگھڑ میں 14 سالہ دعا زہرہ کی بازیابی کے لیے چھاپہ مارا جو کراچی میں اپنے گھر کے باہر سے لاپتہ ہو گئی تھی۔
پولیس نے چھاپے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چھاپے کے دوران دعا تو نہ ملی لیکن ایک اور لڑکی ملی ہے جس کی شناخت اور شہر سے متعلق تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپہ دعا زہرہ کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع پر مارا گیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ حکام سانگھڑ چھاپے کے دوران ملنے والی لڑکی کا بیان ریکارڈ کریں گے۔
16 اپریل کو کراچی کے علاقے الفلاح، گولڈن ٹاؤن سے 14 سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا، لڑکی گھر سے کچرا پھینکنے نکلی تھی اس کے بعد سے لاپتا تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے لڑکی کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفیصلی رپورٹ طلب کی تھی اور لڑکی کو ہر صورت بازیاب کروانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔