• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی کو ویگن نہیں دی گئی، یہ کرائے کا کراؤڈ نہیں ہے، حماد اظہر


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ حماد اظہر نے لاہور جلسے کے شرکا سے متعلق کہا ہے کہ یہ کرائے کا کراؤڈ نہیں ہے۔ 

مینارِ پاکستان کے احاطے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت بڑی تحریک کا آغاز ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ ملک میں کٹھ پتلی حکومت چاہتے تھے، تبھی ان حکمرانوں کو مسلط کیا۔ 

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ کراچی سے خیبر تک لوگ تحریک انصاف کے لیے نہیں بلکہ اپنے بچوں کے مستقبل اور خودار پاکستان کے لیے نکل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پر چوروں کی حکومت مسلط ہے، بدنام ترین لوگوں کو ایک سازش کے تحت ملک پر مسلط کیا گیا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ خارجہ پالیسی کو مفلوج اور معیشت کو تباہ کردیا جائے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں دوسرے سال ساڑھے چار فیصد معاشی ترقی رہی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی تیسرے اور چوتھے سال میں بھی یہ نہ لاسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ 18 لاکھ نوکرلیاں سالانہ پیدا ہوئیں، رواں برس ایکسپورٹ 32 ارب ڈالر پر ختم ہونی تھی، ترسیلا 30 ارب ڈالر تک جانی تھیں لیکن آج یہ حکومت کہانی سنارہی ہے کہ خزانہ خالی۔

حماد اظہر نے اس پر موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خزانہ آپ خالی چھوڑ کر گئے تھے، ہم نے تنکا تنکا کرکے معیشت کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ذاتی کاوش کی وجہ سے، اس کی دیانت و ایمانداری کی وجہ سے پاکستان کا ایک مقام پیدا کیا تھا اور یہ محکوم حکومت اس مقام کو مٹی میں ملارہی ہے

انہوں نے کہا کہ جب قوم اتنی بڑی تعداد میں اپنی خود داری کے لیے نکلتی ہے تو کوئی ایک تحریک نہیں جو ناکام ہو۔ 

جلسے کے شرکا سے متعلق حماد اظہر نے کہا کہ یہاں کسی کو ویگن نہیں دی گئی، کسی کو کوئی گاڑی نہیں دی گئی، یہ کرائے کا کراؤڈ نہیں ہے۔

قومی خبریں سے مزید