دوہرے قتل کیس میں ملوث خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن فیصل زمان ایم پی اے ہاسٹل سے فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فیصل زمان کی گرفتاری کے لیے پشاور پولیس کی بھاری نفری ایم پی اے ہاسٹل پہنچی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق فیصل زمان سہ پہر 4 بجے کے بعد سے ایم پی اے ہاسٹل میں موجود نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر صوبائی اسمبلی نے فیصل زمان کے 9 مارچ کو پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے، وہ گزشتہ 42 دنوں سے جیل کے بجائے ایم پی اے ہاسٹل میں مقیم تھے۔
فیصل زمان جو پی کے 42 ہری پور سے آزاد رکن صوبائی اسمبلی ہیں، ایم پی اے ہاسٹل اُن کے لیے سب جیل قرار دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق فیصل زمان پر پی ٹی آئی کے رہنما طاہر اقبال اور گل نواز کے قتل کا الزام ہے، پولیس نے انہیں اس کیس میں گرفتار کیا تھا۔
فیصل زمان کی درخواست ضمانت انسداددہشت گردی عدالت اورہائی کورٹ نے مستردکی تھی، اے ٹی سی نے مقدمے کا ٹرائل مکمل کرلیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت ایبٹ آباد نے دوہرے قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے جبکہ عدالت نے فیصل زمان کی نقل و حرکت پر پابندی بھی لگارکھی ہے۔