• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان پر اجلاس

کوئٹہ میں وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان کی صورتِ حال سے متعلق اجلاس ہوا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کو صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وفاقی وزراء احسن اقبال، مولانا عبدالواسع، اسعد محمود، اختر مینگل، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، قانون نفاذ کرنے والے اداروں کے افسران اور دیگر نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس کے شرکاء کو صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں امن کی صورتِ حال باعثِ اطمینان ہے، امن و استحکام کے لیے وفاق صوبائی حکومت کی بھرپور معاونت کرے گا۔

ایک روزہ دورۂ کوئٹہ

اس سے قبل وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے، وفاقی وزراء اور بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل بھی ان کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات بھی کی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک اور صوبے کی سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اپنے ایک روزہ دورۂ کوئٹہ کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف چمن کوئٹہ شاہراہ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ خضدار شاہراہ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔

کوئٹہ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف صوبائی پارلیمنٹیرینز سے ملاقات بھی کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید