متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی سے بڑی سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ کھلواڑ کیا ہے، ہم چاہتے تو 7 نشستیں اربوں روپے میں بیچ سکتے تھے۔
ایک بیان میں وسیم اختر نے کہا کہ شہباز شریف ہمارے 7 ووٹوں کی وجہ سے وزیراعظم بنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو نکالنا بھی ہمارے 7 ووٹوں کی وجہ سے ممکن ہوا۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے 2018ء میں ہماری نشستیں چوری کی تھیں، اس کے باوجود ہم نے عمران خان کا ساتھ دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم 7 سیٹیں اربوں روپے میں بیچ سکتے تھے، لیکن ہم نے نیک نیتی کے ساتھ موجودہ حکومت کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔
وسیم اختر نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم کراچی کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اسی لیے پی ٹی آئی سے معاہدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا تحریک انصاف سے معاہدہ شہری مسائل کے حل کے لیے تھا، لیکن پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے کراچی کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ماضی کی حکومت ساڑھے 3 سال ایم کیو ایم کی وجہ سے چل سکی، عمران خان صرف ایم کیو ایم سے اپنی سپورٹ کے لیے رابطہ کرتے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران جب متحدہ کے مرکز پر آئے تب کسی سازش کا ذکر تک نہ کیا، ہم نے پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ آپ کے 21 ایم این ایز تو پہلے ہی آپ کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں۔